مانگا اور آنیمے۔۔۔ آپ میں سے کئی افراد ان الفاظ سے آشنا ہوں گے۔ جاپانی ویب کامکس اگر پڑھے نا سہی مگر ان کے بارے میں سنا لازمی ہوگا۔ اور ایسے ہی ایک ویب کامک یا مانگا پر مبنی ہے ساکورا کی داستان۔
ساکورا! یہ لفظ ہی ہمیں بتانے کے لئے کافی ہے کہ اس ناولٹ میں ہم چیری بلاسم کے مناظر سے لطف اندوز ہونے والے ہیں۔ اور جہاں ذکر ہو چیری بلاسم کا وہاں جاپان کا خاکہ از خود ذہن میں ابھر آتا ہے۔
بلکل ایسے ہی ساکورا کی کہانی وقوع پذیر ہوتی ہے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں۔ اس کہانی میں کرداروں کی بھرمار نہیں ہے۔ چند کردار ہیں جن کے گرد کہانی گھومتی ہے۔ اور ہر کردار ہی اپنے اندر ایک الگ جنگ سے نبرد آزما ہے۔ پہلے کردار کی بات کروں تو آئرین کا کردار ایک ایسا کردار ہے جس سے بطورِ لکھاری میں کافی ریلیٹ کر پائی۔ انوشہ صاحبہ نے آئرین کے کردار کے ذریعے لکھاریوں کے خیالات اور جذبات کی عکاسی نہایت عمدہ انداز میں کی ہے۔
دوسرا کردار میکائیل کا ہے۔ ایک ایسا لڑکا جو ایک اَن چاہے رشتے کی زنجیروں میں جکڑا خود کو ہر گزرتے دن نئے چیلینج سے نمٹنے کے لئے تیار کرتا ہے۔ اور تیسرا کردار ہے بیلا کا۔ جس کی محبت اور نفرت دونوں ہی شدت پسندی کے عناصر خود میں سموئے ہوئے ہے۔
کہانی دلچسپ موڑ لیتی ہے اس سمے جب یہ تین کردار تکون صورت آپس میں ٹکراتے ہیں۔ مگر یہاں ہوتا ہے کچھ مختلف!
کچھ ایسا جو کہ اس کہانی کو پڑھنے والے قاری کے نظریات سے یکسر مختلف مگر جدیدیت کا رنگ اپنے اندر چھپائے ہوئے ہے۔ کیوں کہ تکون سے کسی بھی شخص کے ذہن میں آنے والا پہلا خیال لَو ٹرائینگل کا ہوتا ہے۔ اور سچ کہوں تو مجھے بھی ایسا ہی لگتا رہا یہاں تک کہ میں کہانی کے اختتام تک جا پہنچی اور اس اختتام نے مجھے حیران کرنے کے ساتھ ساتھ خوش گوار تاثر بھی دیا۔ وہ تاثر کم از کم میرے لئے خوش گوار تھا کیوں کہ جہاں ہر دوسری کہانی میں ایک حسین و خوبرو ہیرو کے ہیروئین کی محبت میں گرفتار ہو جانے کے بعد ہیروئین کا بھی اس کی محبت میں مبتلا ہونا فرض ہو جاتا ہے۔ وہاں ساکورا جیسا ناولٹ یقیناً منفرد ہے جہاں تینوں مرکزی کردار ایک ساتھ ٹکرا کر جڑنے کے بجائے اپنی تلاش کے سفر میں اپنی جداگانہ منزلوں کی جانب گامزن ہوئے۔
لکھاری نے والدین کے منفی کردار، خیالات اور ان کے باہمی تعلقات میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث بچوں کی ذہنی شخصیت پر پڑنے والا گہرا دباؤ بھی نہایت پر اثر انداز میں پیش کیا ہے۔
منظر نگاری کی بات کروں تو لکھاری نے بلا شبہ منظر نگاری پر بھر پور توجہ دی ہے۔ اور جس طرح جاپانی زبان اور ٹوکیو کے مختلف مقامات کہانی میں دکھائے گئے ہیں وہ قاری کے ذہن پر ایک خوش گوار تاثر چھوڑتے ہیں۔ اور وہ خود کو جاپان میں ہی کہیں حاضر پاتا ہے۔ بس ایک جگہ جذبات نگاری میں معمولی سی کمی لگی۔ مگر اس ’معمولی‘ شے پر بقیہ تمام خصوصیات غالب آ گئیں۔
ساکورا ناولٹ میں لکھاری کا سب سے بہترین کارنامہ، چیری بلاسم کی علامت کو انسانی زندگی سے جوڑنا ہے۔ اور اس کے بعد محبت کا ایک نیا تصور پیش کرنا ہے کہ لازمی نہیں جس سے ہم محبت کریں وہ بھی ہم سے محبت کرے۔ محبت یک طرفہ ہو تو ایسے موقعے پر خود کی عزتِ نفس کو محبت پر ترجیح دے کر مو آن کرنا بہترین انتخاب ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ لکھاری نے دوستی کے دو رنگوں کو کہانی میں بیان کیا ہے۔ دوستی میں خیانت دوستی کو دشمنی میں بدل دیتی ہے۔ ہاں مگر! اس مطلبی دنیا میں کچھ ’ہکاری‘ اور ’ کائے‘ جیسے دوست بھی ہوتے ہیں جو آپ کی زندگی کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔
ساکورا کی کہانی میں کوئی بھی خامیوں سے پاک نہیں ہے۔ ہاں! البتہ ایک کردار ایسا ہے جس کی خامیوں نے اسے دوسروں کے لئے امتحان ضرور بنا دیا۔ اس کردار سے مجھے اختتام پر یقیناً ہمدردی ہونی چاہئیے تھی۔ مگر سچ کہوں تو میں اس کردار کے لئے ہمدردی محسوس نہ کر پائی۔ ہاں اس کے ایک فیصلے نے مجھے متاثر ضرور کیا مگر ہمدردی جیسی کیفیت پیدا نہ ہو سکی۔ اختتام پر لکھاری کے کام کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا چاہوں گی۔ اللہ پاک ان کے قلم میں برکت دیں اور انہیں ایسی ہی مقصدیت سے بھر پور تحاریر لکھتے رہنے کی ہمت عطا کریں (آمین)
Welcome to Sebt, your premier online destination for Urdu literature enthusiasts! Immerse yourself in the rich tapestry of Urdu novels, Afsanah, and short stories across diverse genres. From timeless classics to heartwarming romance, spine-tingling thrillers, mind-bending mysteries, and thought-provoking fiction, our curated collection encompasses the beauty of Urdu storytelling. What sets Sebt apart is our dedication to adding value to writers’ work, aspiring to be a nurturing ground for writers aiming to become “Sakhunwar” (masters of their craft). As we extend our support to novelists, we also embrace the world of Afsanah and short stories, providing a platform for emerging voices to flourish. Join us on this literary journey, explore the magic of Urdu literature, and experience the unique synergy between readers and writers, exclusively at Sebt.